Daily Din News
کوئٹہ :عالمو چوک ایئرپورٹ روڈ پر دھماکہ ، 3 جاں بحق ، 22 زخمی

کوئٹہ :عالمو چوک ایئرپورٹ روڈ پر دھماکہ ، 3 جاں بحق ، 22 زخمی


 کوئٹہ ایک مرتبہ پھر دھماکے سے گونج اٹھا۔ ائیر پورٹ روڈ عالمو چوک پر ہونے والے دھماکے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 27 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے میں 6 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ کوئٹہ کو ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے دہشت گردی کا نشانہ بناتے ہوئے ائیر پورٹ روڈ عالمو چوک پر ٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کیا جس کی ا?واز دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 27 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں کوئٹہ کے سول اور بی ایم سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشوشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق 6 کلو گرام دھماکہ خیز مواد سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے سے دو گاڑیوں ، رکشہ اور موٹر سائیکلوں سمیت قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ عالمو چوک دھماکے میں زخمی عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری کا عالم تھا اور لوگ مدد کے لیے پکار رہے تھے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنائ اللہ زہری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔


متعلقہ خبریں